کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کے بالادستی اور تحفظ سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، جو بجلی کے بل دے گا، اسے بجلی ملے گی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جو بجلی کا بل نہیں دے گا اس کی بجلی کاٹ دی جائے گی، بجلی کی ترسیل بھی ایک کاروبار ہے جو خرید وفروخت پر چلتا ہے،اگر بجلی کے بل نہ دیئے گئے تو سسٹم کیسے چلے گا۔
خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ آزادی مارچ والوں کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں اور خیبر پختونخوا اسمبلی اراکین اپنی اسمبلی توڑنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی میں تمام جماعتوں کے اراکین موجود ہیں اور ان کے مشورے کے بعد ہی ایجنڈا طے ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایجنڈا جو بھی ہو، وہ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا، آئین اور قانون کی بالادستی اور تحفظ سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔