اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں انقلاب مارچ سے شرکاء سے خطاب میں ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ کے حق میں پاکستان کے ہر صوبے میں دھرنے شروع ہو رہے ہیں۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ مجھے 7 خط موصول ہوئے جس میں بتایا گیا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔ کراچی میں عوامی تحریک اور اتحادی جماعتوں کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔
سیکیورٹی کے نام پر میری گاڑی کو جیمرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ مذاکرات کی بات کرنے والے اپنے دُہرے کردار پر غور کریں۔ کارکن مشتعل ہوئے تو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور حکومت ذمہ دار ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے محمد علی جناح نے قوم کو اتحاد، ایمان اور تنظیم کے تین اصول دیے۔ جن کا صحیح معنوں میں نمونہ اور پیروی کرنے والے انقلاب مارچ کے شرکاء ہیں۔ انقلاب مارچ میں ملک کے چاروں صوبوں سے ہر رنگ و نسل اور فرقے کے لوگ شریک ہیں۔
انقلاب مارچ کے شرکاء کو صبر پوری دنیا کو نظر آ رہا ہے۔ انقلاب مارچ کے شرکاء نے بے مثال نظم و ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا جس پر میں انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔