فلسطینیوں پر مظالم کے نام پر سیاست نہ کی جائے، جماعۃ السنہ

Palestinian

Palestinian

کراچی (جیوڈیسک) جماعۃ السنہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ اور اہلحدیث ایکشن کمیٹی کے رہنما سید اشرف قریشی نے کہا ہے کہ غزہ کے ستم رسیدہ مسلمانوں پر فرقہ وارانہ اور منفی سیاست نہ کی جائے ،وزیر اعظم خارجہ پالیسی کو فرقہ پرست عناصر کے دباؤ سے بالا رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ پاک سعودی دوستی دیرینہ اور ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔ خادم الحرمین شریفین شاہ عبد اﷲ بن عبد العزیز کے خلاف پاکستان میں کیے جانے والے پروپیگنڈے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعۃ السنہ ( کراچی ڈویژن ) کے تحت مرکزی آفس ادارہ فروغ قرآن و سنت ناظم آباد میں منعقدہ ’’ تحفظ قبلتین و استحکا م پاکستان سیمینار ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے مرکزی رہنما سید عامر نجیب، سماجی تنظیم ایمیٹی کے جنرل سیکریٹری طارق شاداب ، مولانا اسحاق نذیر، مولانا الیاس اثری، حکیم ناصر منجا کوٹی، مولانا رفیق احمد سلفی، مولانا احسن سلفی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سید اشرف قریشی نے کہا کہ پڑوسی ملک پاکستان میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیئے بد امنی اور عدم استحکام پھیلا رہا ہے۔ منتخب حکومت کو غیر آئینی طریقے سے گھر بھیجنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو ہم بھی سڑکوں پر نکل کر نام نہاد احتجاج کیخلاف احتجاج کرینگے ۔ انھوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کی جد و جہد آزادی کی کامیابی اور حرمین شریفین کو لاحق خطرات دور کرنے کیلئے پاکستان کا استحکام ناگزیر ہے۔