چنیوٹ (جیوڈیسک) ڈی پی او چنیوٹ عبدالقادر قمر کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس نے چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے کا مال مسروقہ برآمد کر لیا۔
ڈی ایس پی سٹی سرکل چنیوٹ عالم شیر رجوکہ اور ایس ایچ او تھانہ سٹی چوہدری یونس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سٹی پولیس کے اہلکاروں نے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث حبیب سلطان، افضل اور یوسف کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک ائر کنڈیشنر ‘ دو لیپ ٹاپ، دو ٹیلی ویژن، 2 جوسر مشینیں، تین ڈی وی ڈی، سیلنگ فین، دو پسٹل 30 بور اور گولیاں برآمد کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے 121 اشتہاریوں اور 7 عدالتی مفروروں کو بھی گرفتار کر لیا ہے جبکہ مختلف مقدمات میں گرفتار ملزمان سے 15 لاکھ روپے کی ریکوری بھی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او چنیوٹ عبد القادر قمر نے جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری پر پولیس ملازمین کو تعریفی سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا ہے۔