اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی سید حفیظ الدین کی اسمبلی رکنیت بحال کر دی ہے۔
جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حفیظ الدین کی رکنیت کی بحالی کا حکم دیا۔ سید حفیظ الدین کی رکنیت الیکشن ٹربیونل نے 7 اگست کو معطل کر دی تھی، جس کے بعد انہوں نے ٹربیونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
فیصلہ آنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، کہ وہ بحالی کے باوجود اپنی پارٹی قیادت کے فیصلے پر عمل کریں گے، اور کہا کہ وہ عمران خان کے حکم پر اپنا استعفیٰ جمع کرا رہے ہیں۔
حفیظ الدین نے 2013ء کے عام انتخابات میں کراچی کے حلقہ پی ایس-93 (بنارس-مومن آباد) سے 15،322 ووٹ حاصل کیے تھے، جبکہ ان کے مقابلے میں جماعت اسلامی کے عبد الرزاق 11،800 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔
الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ ظفر احمد شیروانی نے 7 اگست کو ان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے فیصلہ دیا تھا، کہ ان کی سیٹ ان کے قریب ترین ووٹ لینے والے عبد الرزاق کو دی جائے گی۔