غیر ملکی سرمایہ کاری جولائی میں 47.5 فیصد گرگئی

State Bank

State Bank

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں نئے مالی سال کے آغاز پر غیر ملکی سرمایہ کاری کا تسلسل جاری نہ رہ سکا، جولائی میں غیرملکی سرمایہ کاری 47.5 فیصد کمی سے 9 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے پہلے مہینے میں 17 کروڑ 34 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2014 کے دوران فارن پرائیویٹ انویسٹمنٹ 30.5 فیصد کی کمی سے 9 کروڑ 35 لاکھ ڈالر رہی جس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 80 فیصد کمی سے 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال جولائی کے مہینے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی تھی، جولائی 2014 میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری 351 فیصد کے اضافے سے 6 کروڑ 95 لاکھ رہی جو گزشتہ مالی سال جولائی میں 1 کروڑ 54 لاکھ ڈالر رہی تھی، فارن پبلک انویسٹمنٹ 106.4 فیصد کی کمی سے منفی 25 لاکھ ڈالر رہی۔

گزشتہ مالی سال جولائی میں فارن پبلک انویسٹمنٹ 3 کروڑ 89 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ملک میں 4.377 ارب ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی جس میں 1.631 ارب ڈالر کی ایف ڈی آئی اور 63 کروڑ ڈالر کی پورٖٹ فولیو سرمایہ کاری سمیت 2.262 ارب ڈالر کی فارن پرائیویٹ انویسٹمنٹ اور 2.115 ارب ڈالر کی فارن پبلک انویسٹمنٹ شامل ہے، گزشتہ مالی سال کے دوران اوسط ماہانہ غیرملکی سرمایہ کاری 36 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہی تھی۔