گوجرانوالہ: پولیس پر تشدد کا الزام، طاہر القادری کے وارنٹ جاری

 Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سمیت 72 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ ملزموں کو گرفتار کر کے 23 اگست کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

یوم شہداء پر لاہور جانے والے عوامی تحریک کے قافلے کو روکنے پر کارکنوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر طاہر القادری سمیت 72 کارکنوں کے خلاف ڈی ایس پی راشد سندھو اور 55 پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی طرف سے آج خصوصی عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی کہ ملزموں کی گرفتاری کے لئے کوشش کی گئی لیکن وہ فرار ہیں۔ متعدد ملزم جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں۔

پولیس نے عدالت میں استدعا کی کہ طاہر القادری سمیت دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے ہیں جس پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اتفاق عباسی نے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

ملزمان میں طاہر القادری، اسلم، اکرم، متین، قاری سجاد، مدثر، احسان ﷲ، عنصر، جاوید اقبال، خالد محمود، حمزہ، بلال اور دیگر شامل ہیں۔