اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اب حکومت سے وزیراعظم نواز شریف کے جانے کے بعد ہی بات ہو گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے مستعفی ہونے کے بعد ہی حکومت سے بات چیت ہو سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ لئے بغیر یہاں سے نہیں جائیں گے۔ عمران خان کے بقول وہ آج ہر حال میں اپنے کارکنوں کے ساتھ ریڈ زون جائیں گے۔
انھوں نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ زون میں ان کا احتجاج پُرامن ہو گا اور اسی وجہ سے وہ خود اپنے کارکنوں کے ساتھ جا رہے ہیں اور اس احتجاج میں سب سے آگے ہوں گے۔ انھوں نے پولیس سے بھی پرامن رہنے کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران جمہوری نہیں بلکہ آمریت کی پیداوار ہیں۔
نواز شریف پاکستان کا حسنی مبارک ہے۔ اس سے قبل عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کے رہنمائوں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ عمران خان کے کنٹینر میں ہونیوالے اس اجلاس میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے شاہراہ دستور پر پہنچنے سے پہلے مذاکرات نہ کرنے پر مکمل اتفاق کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پُرامن طریقے سے شاہراہ دستور پر پہنچیں گے۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ریڈ زون کی جانب جانیوالے راستوں سے کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی جائیں۔ تحریک انصاف کا ریڈ زون میں واقع کسی عمارت پر قبضے کا کوئی ارادہ نہیں۔ شام چھ بجے عمران خان ریڈ زون میں داخلے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔