کراچی : رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے انہوں نے شہر میں سیوریج نالوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کو بھی قابل افسوس امر قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ انسداد پولیو کے لئے ہر سطح پر مہم چلا ئی جائے اور اس کے خاتمے کے لئے احتیاطی تدابیر سے عوامی آگاہی کے لئے یونین کونسل کی سطح پر مہم چلا نے کی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے انسداد پولیو اور نگلیریا کے حوالے سے محکمہ ہیلتھ شاہ فیصل ٹائون کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ٹائون ہیلتھ آفیسر شاہ فیصل ڈاکٹر نصرت علی سید نے انسداد پولیو اور نگلیریا کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت کی خصوصی ہدایت پر جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ محکمہ ہیلتھ کی جانب سے نگلیریا سے بچائو کے حوالے سے عوامی شعور کی آگاہی کے لئے مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت کی ہدایت پر پانی میں امیبا نگلیریا فائولری کے خاتمے کے لئے کلورین کے شاشے عوام میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے محکمہ ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو اور نگلیریا کے حوالے سے منظم انداز میں مہم چلا ئی جائے اور عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا یا جائے انہوں نے کہاکہ صحت مند معاشرہ تشکیل دیکر تمام مہلک امراض سے بچا جاسکتا ہے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے نگلیریا اور پولیو کے خاتمے کے حوالے سے شاہ فیصل ٹائون محکمہ ہیلتھ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صاف ستھرے صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنائیں۔