برمنگھم کونسل برطانیہ کے سابق لارڈ میئر کونسلر خواجہ محمو د حسین کا بیان

Britain

Britain

میرپور (خصوصی رپورٹ) برمنگھم کونسل برطانیہ کے سابق لارڈ میئر کونسلر خواجہ محمو د حسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہر فورم پر اپنی آواز بلند کر رہے ہیں برطانوی دارلعوام میں جلد کشمیر پر بحث ہو گی جب کہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے برمنگھم سٹی کونسل میں فلسطین کا پرچم لہرا کر 19ایشیائی کونسلرز نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر یورپین فورم برطانیہ و یورپ کے کوآرڈینٹر برائے جموں وکشمیر چوہدری اشفاق احمد ایڈووکیٹ کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔تقریب کی صدارت سابق مشیر حکومت سردار رازق ایڈووکیٹ نے کی ۔اس موقع پر بانی وائس چیئرمین آزاد جموں وکشمیر بار کونسل چوہدری منصف داد ایڈووکیٹ ،صدر ہائی کورٹ بار سردار محمد رازق خان ایڈووکیٹ ،سابق صدور ڈسٹرکٹ بار کے سینئر وکلاء چوہدری محمد شوکت ،منظور حسین مغل ،نثار احمد انجم ،چوہدری محمد اختر ،راجہ ثقلین خان ،خادم حسین مغل ،مرزا عزیز الرحمان ،حبیب الرحمان مہر ایڈووکیٹس اور دیگر نے شرکت کی ۔کونسلر خواجہ محمود حسین نے کہاکہ بحیثیت لارڈ میئر برمنگھم سٹی کونسل انہوں نے 14اگست کو سرکاری طورپر منانے کی منظوری دی۔

پاکستان کا قومی پرچم برمنگھم سٹی کونسل میں لہرایا گیا تب سے آج تک پاکستان کا قومی دن شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے آزادکشمیر کا دورہ کر کے چار فائبرانجن بھی مختلف شہروں میں عطیہ کیے تھے ۔صدر تقریب سابق مشیر حکومت سردار رازق ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں تارکین وطن کی ملکی معیشت کی مضبوطی اور نیک نامی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے برطانیہ اور دنیا بھر میں کی جانے والی کاوشوں کا بھی خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بحث کا متوقع انعقاد بین الاقوامی سطح پر ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس کا سہرا کشمیری نثراد برطانیوی شہریوں کے سر ہے۔

تقریب کے میزبان کشمیر یورپین فورم برطانیہ و یورپ کے کو آرڈینٹر برائے جموں و کشمیر چوہدری اشفاق احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قبل ازیں برطانوی تاریخ میں پہلی بار کشمیر یورپین فورم کے پلیٹ فارم سے پارلیمنٹ میں بحث کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں بعد از بحث وتمحیص ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں مقبوضہ کشمیری میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔چوہدری اشفاق احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری قتل و غارت گری پر فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے برمنگھم سٹی کونسل کے تمام کونسلرز بالخصوص ایشین ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں ۔برمنگھم سٹی کونسل کے سابق لارڈ میئر کونسلر خواجہ محمود حسین نے چوہدری اشفاق احمد ایڈووکیٹ کو دورہ برطانیہ کی دعوت دی اور انہیں نو منتخب لارڈ میئر کونسلر محمد شفیق شاہ کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔

Tariq Mehmood | 0345-5512145
Fax Number : 05827-449524
Phone Number : 05827-439008