انگلینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد دھونی کا بھارتی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا عندیہ

Mahendra Singh Dhoni

Mahendra Singh Dhoni

لندن (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے انگلینڈ کے ہاتھوں 5 ٹیسٹ میچز سیریز میں 1-3 سے عبرتناک شکست اور شائقین کی جانب سے شدید تنقید کے بعد ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

مہندار سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ہمارے بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے جو کہ بہت مایوس کن ہے، جب ان سے سوال کیا گیا کہ آیا وہ بطور کپتان ٹیم کو جہاں تک لے جاسکتے تھے وہاں لے آئے جس پر دھونی نے فوری جواب دیتے ہوئے کہا کہ شاید ہاں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو انتظار کرنا ہوگا کہ آئندہ میں کیا کروں گا اور اس حوالے سے جلد خبر مل جائے گی۔

33 سالہ مہندرا سنگھ دھونی نے 2008 میں بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی جبکہ بھارتی ٹیم دھونی کی قیادت میں 2011 میں منعقد ہونے والا ایک روزہ عالمی کپ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی، دھونی نے بھارت کی جانب سے 88 ٹیسٹ میچز میں 4 ہزار 808 رنز بنائے جبکہ وہ اب تک 58 ٹیسٹ میچز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں جس میں 27 مرتبہ جیت بھارتی ٹیم کے حصے میں آئی۔

انگلینڈ کے ہاتھوں لندن کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ اوول میں 5 ٹیسٹ میچز کے آخری میچ میں اننگز اور 244 رنز کی عبرتناک شکست کے بعد دھونی کو شائقین کرکٹ اور بھارتی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔