نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمشن کے سامنے پھر مظاہرہ‘ کئی گرفتار

New Delhi

New Delhi

نئی دہلی (جیوڈیسک) نئی دہلی میں شیو سینا کے کارکنوں سمیت سینکڑوں انتہا پسند ہندئووں نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملاقات کے موقع پر پاکستان ہائی کمشن کے باہر پھر احتجاجی مظاہرہ کیا، پولیس نے بعض مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

بھارت کے تحفظات اور سیکرٹری خارجہ مذاکرات منسوخ کرنے کے باوجود سید علی گیلانی عبدالباسط سے ملاقات کیلئے نئی دہلی پہنچ گئے جبکہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کی بھی آج بدھ کو ملاقات طے ہے۔

سینکڑوں افراد نے پاکستان ہائی کمشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ حریت قائدین نے کہا ہے بھارت کا خارجہ سیکرٹری مذاکرات ختم کرنا افسوسناک ہے، پاکستانی اہم شخصیات سے ملاقاتیں نئی بات نہیں۔

یاسین ملک، محبوبہ مفتی نے کہا حریت لیڈروں کی پاکستانی ہائی کمشنر کیساتھ ملاقات پر ہنگامہ بپا کرنے کی کیا ضرورت ہے، بھارتی حکومت واقعی برصغیر میں قیام امن چاہتی ہے یا نہیں، تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔