گنگا رام ہسپتال 8 روز سے گائنی ایمرجنسی کے 2 آپریشن تھیٹر بند

Ganga Ram Hospital

Ganga Ram Hospital

لاہور (جیوڈیسک) گنگا رام ہسپتال انتظامیہ کی غفلت کے باعث 8روز سے گائنی ایمرجنسی کے 2 آپریشن تھیٹر بند ہونے سے مریض خوار ہونے لگے جبکہ ایمرجنسی کے ڈیوٹی ڈاکٹروں اور مریضوں کے لواحقین کے درمیان لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق گنگارام ہسپتال کی ایمرجنسی میں 4 گائنی آپریشن تھیٹروں میں 2 آپریشن تھیٹر 8 روز سے بند پڑے ہیں جبکہ چلنے والے دو آپریشن تھیٹروں میں وینٹی لیٹر مشینیں خراب پڑی ہیں جس کی وجہ سے تشویش ناک حالت کے مریضوں کو پمپ کے ذریعے مصنوعی سانس دیا جاتا ہے۔

ایمرجنسی میں میڈیکل آئی سی یو میں لگے کارڈیک مانیٹرز خراب پڑے ہیں۔ ڈیوٹی پر موجود انتظامی ڈاکٹروں کو شکایات کے باوجود ان کے خلاف ایکشن نہیں لیا جاتا۔ ڈی ایم ایس ایمرجنسی آفس ذرائع کے مطابق ایمرجنسی میں گائنی کے مریضوں کا رش بہت ہے جبکہ آپریشن تھیٹروں کے بند ہونے سے مریضوں کے آپریشنز میں بہت پریشانی ہو رہی ہے جس کے بارے میں انتظامیہ کو بتا دیا گیا ہے۔