کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی پریس کلب پر وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت تحریک انصاف کراچی کمیٹی کے ارکان نعیم شیخ اور آفتاب جہانگیر نے کی۔نعیم شیخ نے اپنے خطاب میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا نواز شریف کی حکومت کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا اور دھرنوں کا دائرہ اسلام آباد سے بڑھا کر ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا۔
مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے اور نواز شریف سے استعفی دینے کے مطالبات درج تھے۔ شرکاء نے عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کے اعلان کی پیروی کرتے ہوئے بجلی اور گیس کے بل بھی نذر آتش کیے ۔بعد ازاں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے استعفیٰ کے لئے تحریک انصاف اور انصاف اسٹو ڈنٹس فیڈریشن کے تحت بدھ کو تین تلوار کلفٹن میں دھرنا دیا گیا۔
دھرنے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دھرنے کے شرکاء نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اور میاں نواز شریف سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر نواز شریف نے استعفیٰ نہیں دیا توپی ٹی آئی کا سونامی انہیں بہا کر لے جائے گا۔ کراچی تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔