حکومت کے طاہر القادری سے مذاکرات، الطاف حسین کا خیر مقدم

 Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں کے درمیان ہونیوالے مذاکرات کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں۔

بات چیت کا آغاز ملک کے لئے خوش آئند ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو بڑے تصادم اور انتشار سے بچائے اور ملک میں استحکام پیدا کرے۔

لندن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے حکومت کی مذاکراتی ٹیم اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں کے درمیان ہونیوالے مذاکرات کا نہ صرف خیر مقدم کیا ہے بلکہ اس بات چیت کے آغاز کو ملک کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے۔

الطاف حسین نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی مذاکراتی پیشکش کو قبول کیا۔

ساتھ ساتھ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے رات دن کام کرنیوالے ان ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جو معاملے کو تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں اور جنہوں نے حکومت میں رہتے ہوئے بڑے پن کا مظاہرہ کیا اور مذاکرات کی جانب قدم بڑھائے۔

الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو بڑے تصادم اور انتشار سے بچائے اور ملک میں استحکام پیدا کرے۔ انہوں نے ساتھ ساتھ دعا کی کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی اورمشکل جنگ میں مصروف ہے۔ اللہ تعالیٰ اس جنگ میں فوج کو فتح ونصرت سے ہمکنار کرے۔