ٹورانٹو (جیوڈیسک) دختر کی کہانی قبائلی رسم و رواج، کم عمری کی شادی اور ماں بیٹی کے حساس رشتے کے گرد بنائی گئی ہے جس میں کئی جذباتی موڑ بھی ہیں اور حقیقت کا رنگ لئے خوفزدہ کر دینے والی سچائی بھی۔
ماں، بیٹی کے ساتھ جس شخص کا فلم میں اہم کردار ہے۔ وہ ہے ایک ٹرک ڈرائیور ہے جو جان کے خوف سے دربدر بھٹکنے والی ماں بیٹی کی مدد کرتا ہے۔
فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں سڑک کے سفر کے ذریعے ہنزہ، سکردو، گلگت اور کلر کہار جیسے خوبصورت مناظر سے سجے علاقوں سے لے کر لاہور جیسے مصروف شہر کی گہما گہمی تک کو بڑے دلکش انداز میں پکچرائز کیا گیا ہے۔
فلم کی رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عافیہ نتھنیل کا کہنا ہے کہ ’ٹورانٹو فلم فیسٹیول کے لئے پاکستانی فلم کا منتخب ہونا بڑا اعزاز ہے۔
ہمیں پوری امید ہے کہ انٹرنیشنل شائقین فلم کو پسند کریں گے۔ دختر کی کہانی فلم دیکھنے والوں کو اپنے ساتھ رونے اور ہنسنے پر مجبور کر دے گی۔ دختر کی کاسٹ میں سمیعہ ممتاز، محب مرزا، صالحہ عارف، آصف خان، عجب گل، عدنان شاہ، عبداللہ جان، ثمینہ احمد اور عمیر رانا شامل ہیں۔