اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں ممکنہ ماورائے آئین اقدام کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جواب داخل کرا دیا۔
ممکنہ ماورائے آئین کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے جواب ان کے وکیل حامد خان نے سپریم کورٹ میں جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کسی غیر آئینی اور ماورائے آئین اقدام کے حامی نہیں۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ عمران خان قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، دھرنے کا حق آئین کا آرٹیکل4،9،15،16 اور 17 دیتا ہے، جواب کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج پرامن ہے اور اسے پرامن رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔
تحریک انصاف کا کوئی کارکن کسی عمارت میں داخل نہیں ہوگا، شہریوں کی نقل و حرکت میں بڑی رکاوٹ کنٹینرز ہیں، جواب میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت متعلقہ حکام کو کنٹینرز اٹھانے کا حکم دے، کیس کی سماعت 11 بجے ہوگی۔