لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان آج رائےونڈ میں ملاقات ہوگی، وزیراعظم نے سابق صدر کو ظہرانے پر ملاقات کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سابق صدرآصف علی زرداری کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کر کے ہفتہ کو رائےونڈ میں ظہرانے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سیاسی بحران کے حل کیلئے میثاق جمہوریت کے مطابق سابق صدرآصف زرداری سے تعاون طلب کرتے ہوئے موجودہ سیاسی بحران حل کرنے میں کردار ادا کرنے کا کہیں گے۔ ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی فرحت اللہ بابر کے مطابق آصف زرداری رائے ونڈ میں نواز شریف سے ظہرانے پر ملاقات کریں گے
ان کے ہمراہ خورشید شاہ، اعتزاز احسن اور رضا ربانی بھی ملاقات میں شریک ہوں گے۔ آصف علی زرداری وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپس کراچی روانہ ہو جائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہونے کے بعد کئی اہم مواقع پر دونوں رہنماؤں کی ملاقاتیں ہوچکی ہے۔