حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات، بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات، بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق۔ احسن اقبال کہتے ہیں کوئی ڈیڈ لاک نہیں، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اگلی بیٹھک آج پھر ہوگی۔ آج حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ تھا۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات پر اپنا موقف پیش کیا، حکومتی نقطہ نظر پر جو تحفظات تھے وہ ہم نے حکومتی کمیٹی کو بتا دیے ہیں۔

مذاکرات میں حکومتی کمیٹی اور تحریک انصاف نے اپنے اپنے تحفظات بیان کیے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومتی کمیٹی آج دوبارہ تحریک انصاف سے ملاقات کرے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ نہ کوئی ڈیڈ لاک ہے اور نہ کوئی ڈیڈ لائن بلکہ مذاکرات پر مکمل اتفاق ہے اور مذاکرات جاری رہیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بات چیت میں تحریک انصاف اور حکومت نے اپنا اپنا موقف پیش کیا ہے۔ حکومتی اور تحریک انصاف کی ٹیم اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف ایک دوسرے کے موقف کو سمجھ رہی ہیں اور آگے بڑھ رہی ہیں۔