اسلام آباد (جیوڈیسک) اطلاعات کے مطاباق دونوں ٹیموں کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو بھی پی ٹی آئی کی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا جب کہ گورنر پنجاب نے حکومتی کمیٹی کی جانب سے شرکت کی۔ مذاکرات کے اس دور میں تحریک انصاف نے اپنے موقف سے آگاہ کر دیا ہے۔ بات چیت کا تیسرا دور اب ہفتے کے دن ہو گا۔ حالیہ پیش رفت پر تحریک انصٓاف کی کمیٹی عمران خان کو اس سے آگاہ کرے گی۔ مذاکرات کے بعد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات پر غور کیا گیا ہے، اور وزیر اعظم کو بھی ان سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
اب کل ہی حکومتی موقف بھی سامنے آسکے گا۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا۔ آج ہماری مذاکرات کی دوسری نشست تھی۔ پہلی نشست میں ہم نے چھ مطالبات پیش کئے تھے، اس ملاقات میں انہوں نے بتایا کہ ان کا نکتہ نظر کیا ہے۔ آج طے ہوا ہے کہ جو معاملات دونوں ٹیموں نے اٹھائے ہیں ان پر کل غور کیا جائے گا اور تیسری نشست میں بات ہو گی۔ قریشی نے اس کے علاوہ کوئی بات نہیں کی اور مختصر بات کر کے چلتے بنے۔ پتہ چلا ہے کہ تحریک انصاف وزیر اعظم نواز شریف کے استعفے پر بضد ہے۔