کنگ خان ایک بار پھر بگ بی کی فلم کے ری میک میں امیتابھ بچن کا کردار ادا کریں گے

Shah Rukh Khan

Shah Rukh Khan

ممبئی (جیوڈیسک) فلم ’’سنگھم ریٹرنز‘‘ جیسی بلاک بسٹر فلم دینے والے مشہور ڈائریکٹر روہت شیٹی کی خواہش آخر کار رنگ لے آئی اور انھوں نے اپنی نئی فلم امیتابھ بچن کی 1991ء کو ریلیز ہونے والی ’’ہم‘‘ فلم کے ریمیک میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو مرکزی کردار کے لیے راضی کر ہی لیا۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر روہت شیٹی نے اپنی نئی فلم کے اسکرپٹ کو فائنل شکل دے دی ہے اور اس کے اسٹار شاہ رخ خان ہوں گے، اگر ذرائع کی بات سچ ہے تو پھر یہ فلم مکھل آنند کی ہٹ فلم ’’ہم ‘‘ کا ری میک ہوگی۔

ایک اور ذرائع نے بتایا ہے کہ روہت کی اگلی فلم جس میں شاہ رخ خان مرکزی کردار نبھائیں گے وہ 90 کی دہائی کی امیتابھ بچن کی کامیاب فلم ’’ہم ‘‘ کا ریمیک ہے اور اس ریمیک کے لیے ابھی مزید کچھ چیزوں کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اب سننے میں آرہا ہے کہ شاہ رخ خان اس نئی فلم میں امیتابھ بچن والا کردار نبھائیں گے۔
اسی طرح فلم ہم کے دوسرے کردار ’’گووندا اور رجنی کانت ‘‘ کے کرداروں کو آج کے نئے اداکار ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا نبھائیں گے لیکن ابھی کچھ بھی فائنل نہیں ہوا ہے۔

روہت ابھی اس فلم کے اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں اور اداکارہ کاجول بھی اس فلم کا حصہ ہوں گی۔ یہ بھی پتا چلا ہے کہ اس فلم کو روہت شیٹی اپنے انداز سے نئے پہلوؤں کے ساتھ بنانے کی کوشش کریں گے۔

فلمساز کے ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ روہت اس فلم پر شاہ رخ خان اور کاجول کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔