اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف اور پاکستان تحریک انصاف کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا جاری ہے، دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ صحت و صفائی کے مسائل کے باوجود مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے اوپر گھنگھور گھٹاؤں سے جھانکتا سویرا، قریب ہی لوہے کے جالوں پر بیٹھے کاگا نوید سنا رہے ہیں کہ ابھی کچھ اور مہمان بھی آئیں گے۔ دوسری طرف جا بجا بکھرے ہوئے کھانے کے ڈبے تیز ہوا اور بارش سے اکھڑ جانے والے خیمے دوبارہ لگالئے گئے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان دھرنے میں موجود ہیں، راولپنڈی، اسلام آباد کے کارکنوں نے دھرنے کے شرکاء کیلئے ناشتہ بھجوایا۔ چائے کے لئے کارکنوں میں ڈسپوزایبل گلاس تقسیم کئے گئے۔ کارکنوں نے قطار میں لگ کر ناشتہ لیا پھر جسے جہاں جگہ ملی پیٹ کی آگ بجھائی۔
دھرنے میں بیٹھے شرکا کے لئے پانی کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے، مضرصحت پانی کی وجہ سے متعدد بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ صحت و صفائی کے مسائل کے باوجود مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔
دھرنے کے شرکاء کو گرمی، حبس کے ساتھ صحت و صفائی کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسہ گاہ میں اپنے کنٹینر میں موجود ہیں، عمران خان دوپہر کے بعد کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
دریں اثناء اقتدار کے ایوانوں کے سامنے سے گزرتی شاہراہ دستور کئی روز کے جاری دھرنے کے بعد تعفن اور کوڑا کرکٹ سے بھر گئی جس سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔