سابق صدر زرداری خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور آمد

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے، سابق صدر جاتی عمرہ رائے ونڈ میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد آصف علی زرداری امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے منصورہ اور مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقاتیں کریں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری آج لاہور میں انتہائی مصروف دن گزاریں گے۔

ذرائع کے مطابق خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچنے کے بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاتی عمرہ رائے ونڈ جائیں گے، جہاں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کر رکھا ہے۔ اس موقع پر ملاقات میں رحمان ملک، اعتزاز احسن، خورشید شاہ اور رضا ربانی سابق صدرکی معاونت کریں گے، جبکہ وزیراعظم کی ٹیم میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق اور عبدالقادر بلوچ مذاکرات کا حصہ ہوں گے، سابق صدرآصف علی زرداری اس کے بعد جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹر منصورہ جائیں گے، جہاں ان کی امیر جماعت سراج الحق سے ملاقات ہو گی۔

آصف علی زرداری اس کے بعد مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت اور پرویز الہی سے بھی انکی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سابق صدرآج ہی واپس روانہ ہو جائیں گے، واپسی پر ان کی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت بھی متوقع ہے۔