گورنمنٹ اسکول خلد آباد لانڈھی کے طلبااور والدین کا ہیڈمسٹریس کے خلاف مظاہرہ

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ بوائز سکینڈری اسکول خلد آباد لانڈھی میں میٹرک کے طلبا سے مارک شیٹ اور سرٹیفکٹ کے نام پر لوٹ مار کے خلاف گزشتہ روز علاقہ عوام، متاثرہ طلباء اور اُن کے والدین نے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین کے مطابق اسکول کی ہیڈ مسٹریس قمر فاطمہ جب سے اس اسکول میں آئی ہیں انہوں نے افسران بالا کے ساتھ مل کر پیسہ بٹورنے کا دھندہ شروع کردیا ہے ہر چیز کے وہ پیسہ لیتی ہیں ابھی میٹرک کے بچوں کا رزلٹ آیا ہے وہ مارک شیٹ کے 50 روپے پرویژنل سرٹیفکٹ کے 200 روپے کتابوں کے 50 روپے فی بچہ وصول کررہی ہیں۔

بغیر پیسے کے وہ بچوں کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ چیزیں بھی دینے کو تیار نہیں ہیں جس کی وجہ سے بچوں کا سال ضائع ہونے کا خطرہ پیدا ہورہا ہے اور ہیڈمنسٹریس قمر فاطمہ کی کرپشن کی وجہ سے والدین میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے والدین اور سابق علاقہ کونسلر عبدالحمید قریشی،عمران بھوپالی نے حکومت سندھ خصوصاً صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو سے اپیل کی ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے مفت تعلیم کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول خلد آباد لانڈھی قمر فاطمہ کی جانب سے طلبا اور والدین کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویئے کی تحقیقات کرایا جائے اور سرکاری اسکولوں کو کرپشن اور کرپٹ عناصر سے پاک کیا جائے۔