برف خانے کی گیس لیک ہونے سے 10 افراد بے ہوش

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) گرین ٹاؤن کے علاقے میں برف خانے کی زہریلی گیس لیک ہونے سے 10 افراد بے ہوش ،9 بھینسیں ہلاک ہو گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ گرین ٹاؤن کے علاقے باگڑیاں نواز موڑ پر باقر خان نامی شخص نے برف کا کارخانہ بنا رکھا تھا جس سے ایمونیا گیس لیک ہونے سے موقع پر موجود عملہ اور مقامی رہائشی بے ہوش ہونا شروع ہو گئے بے ہوش ہونے والے 10 افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے کے رہائشی خوفزدہ ہو کر اپنی جان بچانے کے لیے گھروں سے نکل کر دور دراز علاقے میں چلے گئے اس دوران زہریلی گیس کی وجہ سے باڑے میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی نو بھینسیں موقع پر ہلاک ہو گئیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ کی بڑی تعداد مشتعل ہو گئی اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ برف خانے کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔