سری لنکا کے خلاف جیت کی ضرورت تھی

Misbah-Haq

Misbah-Haq

ہمبنٹوٹا (جیوڈیسک) سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو اس جیت کی ضرورت تھی۔

ہفتہ کو تین میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں یہاں ،مہمان ٹیم نے مڈل آرڈر بلے بازوں صہیب مقصود اور فواد عالم کی مدد سے 45 اوورز میں 275 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں 106 رنز پر پاکستان کے پانچ بلے بازوں کے پولین جانے کے بعد مقصوم اور عالم نے 147 رنز جوڑے۔

مقصود نے 73 گیندوں پر جارحانہ 89 رنز جبکہ عالم نے 62 رنز بنائے۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مصباح نے مقصود اور عالم کی شراکت داری کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘ہم ہدف کے تعاقب میں کچھ بھٹک گئے تھے لیکن فواد اور مقصود نے اچھی ریکوری کی’۔

مین آف دی میچ قرار پانے والے ستائیس سالہ مقصود نے بتایا کہ منصوبے کے تحت انہوں نے جارحانہ جبکہ عالم نے سنگل، ڈبلز بنانا تھے۔ ‘ظاہر ہے یہ میری سپیشل اننگز تھی کیونکہ میں کئی مہینوں بعد کوئی انٹرنیشنل میچ کھیل رہا تھا’۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ بقیہ میچوں میں اچھا کھیلتے ہوئے پاکستان کو سیریز جیتنے میں مدد کریں گے۔ پچیاسی گیندوں پر 89 رنز بنانے والے سری لنکا کے کپتان اینجلو متھیوز نے مقصود کو دونوں ٹیموں میں فرق قرار دیا۔

‘میرا خیال میں ہم نے بہت زیادہ غلطیاں نہیں کیں۔ وکٹ بہت اچھی تھی اور اکثر و بیشتر جب ہم 250 سے زائد رنز بنالیں تو باؤلرز اچھا دفاع کرتے ہیں تاہم اس مرتبہ مقصود نے کام کر دکھایا’۔ تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ جو کولمبو میں ہونا تھا، تیز بارش کی وجہ سے اب ہمبنٹوٹا میں منگل کو جبکہ تیسرا اور آخری میچ تیس اگست ، دمبولہ میں ہو گا۔