جیکب آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف لائرز فورم کی جانب سے اسلام آباد میں جاری آزادی مارچ کی حمایت میں حیدر آباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں شریک وکلا عمران خان کی تصاویراٹھائے وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں احمدرشید، عمران علوی اور فیصل مغل نے کہا کہ نواز شریف کے مستعفی ہونے تک احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا، موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔
آج وکلابھی حکومتی اقدامات کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ،انہوں نے سندھ بار کونسل کی جانب سے موجودہ حکومت کی حمایت میں عدالتی امور کے بائیکاٹ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بار کونسل کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی حکومت کی حمایت میں عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کرے، علاوہ ازیں جیکب آباد میں بھی تحریک انصاف کے سیکڑوں کارکنوں نے ڈی سی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم اس جعلی جمہوریت کو نہیں مانتے، جب تک شریف برادران استعفیٰ نہیں دیتے ہمارے قائد کا اسلام آباد میں اور ہمارا دھرنا جیکب آباد میں جاری رہیگا، تحریک انصاف بدعنوان حکمرانوں کو گھر روانہ کر کے ہی دم لے گی۔