عوام کو انکی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

حیدرآباد (جیوڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے پی ایس 50 کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو سخت ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر عوام کے مسائل کو دور کرتے ہوئے عوام کو انکی دہلیز پر زندگی کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی، حیدرآباد اور پی ایس 50 کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے مختلف افراد سے ملاقاتیں کیں اور انکو درپیش مسائل دریافت کیے ،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے دکھ اور سکھ میں انکے ساتھ رہی ہے اور مستقبل میں بھی عوام کوتنہا نہیں چھوڑے گی۔

پیپلز پارٹی نے حالیہ دور میں عوام کو بنیادی سہولتیں مہیا کرنے کیلئے صوبے بھر میں میگا پراجیکٹس متعارف کرائے ہیں جنکی تکمیل کے بعد صوبے میں ترقی اور نچلی سطح پر خوشحالی آئے گی ، شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں صوبے بھر میں روزگار کے لاکھوں مواقع فراہم کیے، جس سے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور غربت کی شرح میں کمی آئی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پی ایس 50 کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے کام کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے احکامات دئیے، بعد ازاں انہوں نے حیدرآباد میں میاں عبد اللہ شیخ جبکہ ہوسڑی کے علاقے میں پی پی پی کے رہنما شوکت شورو سے انکی والدہ، بہاول زنوؤر میں عبد الستار سے انکے بھائی، ٹنڈو قیصر میں انور پہوڑ سے انکے بیٹے، وڈیرو محمد تھیبو سے انکے بھائی، ہٹڑی میں قاری غلام حسین پالاری سے انکی خالہ، مشوری لانڈھی میں مولابخش مشوری سے ان کی بھانجی کی وفات پر تعزیت کااظہار کیا۔