سری نگر (جیوڈیسک) ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اتوار کے روز دو مختلف واقعات میں دو ہندوستانی فوجی اور کم از کم چار عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔
فوج کے ایک ترجمان این این جوشی کے مطابق شدت پسندوں کے ساتھ دن بھر جاری رہنے والی لڑائی کے بعد کپوارہ ضلع میں چار عسکریت پسند ہلاک ہوئے جبکہ جھڑپوں کے نتیجے میں ایک فوجی بھی مارا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے واقعے میں کیران سیکٹر میں سیز فائر لائن کے قریب ایک ہندوستانی فوجی ہلاک ہوا۔
تاحال کسی باغی گروہ نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری نہیں کیا۔ دوسری جانب ایک اور فوجی اہلکار دھرمندر پاریک کے مطابق ہندوستانی اور پاکستانی فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہفتے کی رات بھی جاری رہا۔
فائرنگ کے نتیجے میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ اس سے قبل جمعے کو فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اطراف ایک، ایک شہری مارا گیا تھا۔