لاہور ، ملتان ، خیبرپختونخوا ، فاٹا اور ایف آر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

Polio

Polio

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ، ملتان ، خیبرپختونخوا ، فاٹا اور ایف آر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ، لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

ملک کے مختلف علاقوں میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ، لاہور میں مہم کے سلسلے میں شہر کے مختلف مقامات پر کیمپ بھی قائم کر دئیے گئے ہیں۔ ملتان میں سات لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے اٹھارہ سو پانچ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ادھر پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے گیارہ اضلاع میں انسداد پولیو مہم کے دوران اٹھائیس لاکھ پینتیس ہزار بچوں کو ویکسین دی جائے گی جس کے لئے نو ہزار ایک سو آٹھ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اورکزئی ، باجوڑ ، خیبرایجنسی ، کرم ، مہمند ایجنسی ، ایف آر درازندہ ، ایف آر ٹانک ، ایف آر بنوں ، ایف آر لکی مروت ، ایف آر پشاور اور ایف آر کوہاٹ سمیت جنوبی وزیرستان میں حفاظتی قطرے پلانے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ فاٹا اور ایف آر کے علاقوں میں دس لاکھ بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی جس کیلئے دو ہزار پانچ سو چھپن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔