اکشے کمار کی نئی تھرلر فلم ’’بے بی‘‘ کا پہلا پوسٹر جاری

Baby

Baby

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکار اکشے کمار کی نئی تھرلر ایکشن فلم ’’بے بی ‘‘ کا پہلا پوسٹر گزشتہ روز جاری کردیا گیا۔ اس پوسٹر میں انٹرٹینمنٹ اسٹار بیس بال والی کیپ پہنے اور چشمہ لگائے غصیلے انداز میں نظر آ رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ باریک مونچھیں رکھے ایک پائیلٹ کا روپے دھارے ہوئے ہیں۔

اس پوسٹر میں اکشے کمار ترکی کے شہر استنبول میں کسی کے پیچھے بھاگتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ 46 سالہ اکشے نے اس پوسٹر کے لیے ٹویٹر کا سہارا لیا ہے جب کہ اس فلم کے ڈائریکٹر نیراج پانڈے ہیں۔

اس موقع پر اپنے ٹویٹ میں اکشے نے لکھا ہے کہ ’’بے بی‘‘ کی پہلی جھلک پوسٹر میں دکھا دی گئی ہے اور نوجوانو آپ اس بارے کیا خیال رکھتے ہیں۔

فلم کی ابتدائی شوٹنگ نیپال میں کی گئی اور پھر اس فلم کا یونٹ ایکشن سین فلمانے استنبول گیا تھا۔ فلم ’’چشم بدور‘‘ کی ہیروئن تاپسی پنو اس فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ فلم’’بے بی ‘‘ آئندہ برس 23 جنوری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔