اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے استعفیٰ دینے والے ارکان کو طلب کر لیا

Ayaz Sadiq

Ayaz Sadiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لئے طلب کر لیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق تحریک انصاف کے 26 ارکان کے استعفے درست قرار دیئے گئے ہیں اور 5 ارکان کے استعفے درست نہیں جبکہ پارٹی کے 3 ارکان اسمبلی نے تاحال استعفے نہیں بھجوائے۔

اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے مستعفیٰ ہونے والے ارکان کو رواں ہفتے کے لئے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت ارکان جمعرات اور جمعہ کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے سامنے پیش ہوں گے جس دوران ان کے استعفوں کی تصدیق کی جائے گی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ گلزار خان نے بھی اپنا استعفیٰ عمران خان کے حوالے کر دیا ہے تاہم ناصر خٹک اور مسرت احمد زیب سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی ہدایت پر پارٹی کے ارکان نے اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں اپنے استعفے جمع کرا دیئے تھے تاہم اس کے ساتھ ہی ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کی کارروائی موخر کرنے کی درخواست بھی کر رکھی ہے۔