فرگوسن: پولیس کی فائرنگ سے ہلاک سیاہ فام نوجوان سپرد خاک

Michael Brown Buried

Michael Brown Buried

فرگوسن (جیوڈیسک) امریکی ریاست مِزوری کے شہر فرگوسن میں سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سیاہ فام نوجوان مائیکل برائون کی تدفین کی رسم سے قبل مغموم اہل خانہ، شخصیات اور ہمدرد سینٹ لوئی کی ایک کلیسا میں عبادت کے لئے اکٹھے ہوئے جس میں آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

سینٹ لوئی کے فرینڈلی ٹیمپل مشنری بیپٹسٹ چرچ میں ہونے والی اِس سروس میں قومی سطح کے شہری حقوق کے رہنما، سیاست داں اور فلمی دنیا کی شخصیات نے شرکت کی۔

عبادت سے قبل برائون کے والد مائیکل برائون سینئر نے تحمل کی اپیل کرتے ہوئے سروس کے دوران احتجاج بند کرنے کے لئے کہا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

واضع رہے کہ اٹھارہ برس کا مائیکل برائوں جونیئر کچھ ہی دِنوں میں کالج کی تعلیم شروع کرنے والا تھا جب ڈیرن ولسن نے انھیں گولی مار کر ہلاک کیا۔

واقع سے متعلق تفصیل میں اختلاف ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کے ساتھ برائون کا رویہ جارحانہ تھا جبکہ عینی شاہدین کہتے ہیں کہ شوٹنگ کی کوئی جائز وجہ نہیں تھی کیونکہ بقول ان کے، برائون اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے تیار تھا۔