اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کی طرف سے انھیں دیے گئے ہتک عزت کے نوٹس پر اپنے وکلا کی طرف سے بھجوائے گئے جواب سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔
افتخار چوہدری کے بارے میں اپنے مؤقف پر بدستور قائم ہوں، حامد خان اور احمداویس نے عمران خان کو مندرجات سے آگاہ کیے بغیر افتخار چوہدری کو جواب بھجوایا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان کے کنٹینر میں منگل کی صبح پارٹی قیادت کے اجلاس میں افتخار چوہدری کو بھجوائے گئے خط پر شائع شدہ میڈیا رپورٹس پر عمران خان اور دیگر رہنمائوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
عمران خان نے اجلا س کو بتایا کہ افتخار چوہدری کو معذرت کایہ خط ان کی منظوری لیے بغیر بھجوایا گیاحتیٰ کہ اس خط کا ڈرافٹ تک بھی انھیں نہیں دکھایا گیا عمران خان نے اجلاس میں واضح کیا کہ وہ افتخار چوہدری کے بارے میں اپنے مؤقف میں کوئی لچک پیدا کیے بغیر پوری طرح قائم ہیں۔
اجلاس میں عمران خان کے وکلا حامد خان اور پولیس کی طرف سے عمران خان اور پارٹی قیادت کی منظوری لیے بغیر خط بھجوائے جانے پر بھی رہنمائوں نے خاصی ناراضی کا اظہار کیا۔ یہ امرقابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز الیکٹرونک میڈیا پر عمران خان کے افتخار چوہدری کو جواب کے بارے میں خبریں آنے کے باوجود عمران خان نے دھرنے سے اپنے خطاب میں افتخار چوہدری کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔