اسلام آباد : دھرنوں کے مظاہرین میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے پاکستان عوامی تحریک کے ہزاروں کارکن گزشتہ دو ہفتوں سے دھرنا دیے ہوئے ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے لوگ بھی سر شام ہی یہاں جمع ہو جاتے ہیں۔

دھرنے کے شرکا کی اکثریت یہیں مقیم ہے جنہیں دھوپ ، گرمی اور بعض اوقات بارش کا سامنا بھی رہتا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال پمز کے اعلیٰ عہدیدار پروفیسر جاوید اکرم نے بتایا۔

کہ دھرنے کے شرکا اپنے گھروں سے دور ہیں اور یہاں کئی روز سے مقیم ہیں اور انھیں نہ تو مناسب خوراک مل رہی ہے اور نہ ہی حوائج ضروریہ کو پورا کرنے کے لیے معقول انتظام ہے جس کی وجہ سے یہاں مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ تقریباً 15 سے 20 مریض ان کے ہاں مختلف قسم کے امراض کے ساتھ رجوع کر رہے ہیں اور اگر دھرنے والی جگہ پر صورتحال ایسی ہی رہی تو یہ بیماریاں دیگر کئی جگہوں تک بھی پھیل سکتی ہیں۔