قوم 99 کی طرح آج بھی فوج کی طرف دیکھ رہی ہے، پرویز مشرف

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کراچی (جیوڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدرجنرل (ر) پرویز مشرف نے کہاہے کہ پاک فوج کے ہوتے ہوئے کوئی مائی کالعل پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، کسی نے ایسی حرکت کی تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں، پاک فوج ملک کو ٹوٹنے نہیں دے گی۔

امریکا سمیت کسی بھی ملک کو پاکستان کے داخلی معاملات میں دخل اندازی کی ضرورت نہیں، پاکستانی اپنے مسائل خود حل کرنا جانتے ہیں، ملک کی موجودہ صورتحال پر قوم پریشان ہے۔

اسے پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے، اب ملک میں الیکشن کا وقت نہیں، عوام کا نکلنا ہی اصل جمہوریت ہے، وفاق کو مضبوط کرنے کیلیے نئے صوبے بنانا ضروری ہے، 2007 میں افتخار چوہدری کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی گئی، افضل خان کے بیان سے افتخار چوہدری کا کردار واضح ہو گیا۔

2007 کے بعد پاکستان کی ترقی رک گئی،پاکستان میں کوئی بھی فرشتہ نہیں سب میں کرپشن موجود ہے، اگر اوپر والا ٹھیک ہو گاتو اس کا اثرنیچے تک جائے گا،اس کے بغیر یہ کرپشن ختم نہیں ہوسکتی۔

پاکستان عوامی تحریک اورتحریک انصاف کے دھرنوں کے بعد حکومتی ریلیوں سے تصادم اور فرقہ واریت کا خطرہ ہے، ایف سی کواسلام آباد میں لگا کر لسانی رنگ دیا گیا، قوم 1999 میں بھی آرمی کی طرف دیکھ رہی تھی اور آج بھی آرمی کی طرف ہی دیکھ رہی ہے، چیف آف آرمی اسٹاف سمیت پوری فوج موجودہ صورتحال کو دیکھ رہی ہے۔

نجی ٹی وی کوانٹرویو میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ اب ملک میں ہرطرف سیاسی باتیں ہو رہی ہیں، میں قادری صاحب کے وژن کی تائید کرتا ہوں، پاکستان میں نئے صوبے بننے چاہئیں اور تبدیلی آنی چاہیے، عمران خان پہلے صرف انتخابی دھاندلی کی بات کرتے تھے۔

اب ری الیکشن کا کہہ رہے ہیں لیکن اب میری نظر میں دوبارہ الیکشن نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ اس سے پہلے سسٹم میں تبدیلی آنی چاہیے، اداروں کی تشکیل نو ہو اور پھر الیکشن ہو، عمران خان کے دھاندلی کے الزامات درست ہیں۔

پرویز مشرف نے کہا کہ 2007 میں افتخار چوہدری کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ان کی کرپشن کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا جس میں اس کی ساری کرپشن موجود ہے، وہ جوڈیشل کونسل نے بغیر پڑھے سپریم کورٹ بھیج دیاجس کے بعدانھیں بحال کر دیا گیا۔

جس کی وجہ سے اسٹیل ملز اورایل این جی کے منصوبے ختم ہوئے تواربوں ڈالر کا نقصان ہوا اور پاکستان کی ترقی رک گئی، اب عوام کی خوشحالی ملک کی ترقی ہے، اس کے بغیر نہ جمہوریت کامیاب ہے نہ آمریت لیکن آج تک پاکستان میں کسی حکومت نے بھی اس طرف توجہ نہیں دی، پاکستان میں کوئی بھی اس وقت فرشتہ نہیں، سب میں کرپشن موجود ہے۔