اسلام آباد (جیوڈیسک) سیاسی ڈیڈ لاک ختم کرانے کیلئے سیاسی جماعتوں کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مطالبوں کی نوعیت اور اس کے طریقہ کار پر بات کرنا ایک الگ بحث ہے تھوڑی کوشش سے مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
حکومت کو بڑے دل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعطم ایسی پیشکش کریں کہ مظاہرین کا مطالبہ پورا ہو جائے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی اور بابر غوری نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر خالد مقبول کا کہنا تھا کہ ابھی تک ڈیڈلاک برقرار ہے جسے ختم کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان کا کام ایک فریق کی بات دوسرے فریق تک پہنچانا ہے۔ موجودہ صورت حال میں ملک کو مستحکم کرنا ضروری ہے۔