پیرس (جیوڈیسک) آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ 2008ء میں ان کی بطور فرانسیسی وزیر خزانہ میعاد سے متعلق اربوں یوروز کرپشن کیس کے معاملے کو نظر انداز کرنے پر انہیں مورد الزام ٹھہرا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا الزامات پر مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ میں واشنگٹن واپس جا رہی ہوں جہاں اپنے بورڈ کو بریف کروں گی۔
حیران کن اعلان ایسے وقت سامنے آیا جب منگل کے روز انہیں پانچویں مرتبہ پیرس میں وزارتی بے ضابطگیوں کے کیسز کی تحقیقات کرنے والی خصوصی عدالت کی جانب سے طلب کیا گیا تھا۔
یہ کیس فرانسیسی ٹائیکون برنارڈ ٹیپی کو 2008ء میں 400 ملین یورو کی سرکاری ادائیگی کے معاملے سے متعلق ہے۔ وہ ہمیشہ سے کسی قسم کی بے ضابطگی میں ملوث ہونے کی تردید کرتی رہی ہیں اور بدھ کے روز بھی ایسا ہی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے وکلاء کو ہدایت کی ہے کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے جسے میں سرے سے میرٹ کے بغیر سمجھتی ہوں۔