تحریک انصاف نے 28 ارکان کے استعفے سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو پیش کر دیئے

Punjab Assembly

Punjab Assembly

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے 28 ارکان کے استعفے سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو پیش کر دئیے گئے ، محمود الرشید کہتے ہیں کہ کوئی اس بھول میں نہ رہے کہ ہمارے استعفوں کے بعد اسمبلیاں چل سکیں گی۔

پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے اٹھائیس ارکان کے استعفے یسکرٹری پنجاب اسمبلی کو جمع کروائے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دو ارکان نگہت انتصار بھٹی اور جہانزیب کھچی راستے میں ہیں۔

ان کے استعفے بھی بعد میں آ جائیں گے ۔ میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے اور غیر آئینی ہے۔ ہم آئینی طریقہ کار سے انتخابات کی دھاندلی منظر پر لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بہت بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی۔

موجودہ حکومت ہمیں کسی طور بھی انصاف دینے کو تیار نہیں ۔ قدم قدم پر ہمیں احساس ہوا کہ حکومت مسائل کو سنجیدگی سے لے ہی نہیں رہی اور مسلسل ٹال مٹول سے کام لیتی رہی۔ محمود الرشید کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے عوام کو بہت سہانے خواب دکھائے تھے۔

حکومت نے اپنا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔عام آدمی کی مہنگائی نے چیخیں نکلوا دی ہیں۔ بجلی کے بلوں میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے۔ اب سب کے سامنے ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہے، عدالتی حکم کے باوجود حکمران ایف آئی آر درج کرانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دھرنوں میں کوئی ناچ گانا نہیں ہو رہا، ہمارے دھرنوں میں قومی ترانے ہوتے ہیں، کلام اقبال ہوتا ہے۔