کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 4 اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں چند گھنٹوں کے دوران ڈاکٹر، پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں فائرنگ سے جاگ ٹی وی کے پروگرام رنگے ہاتھوں کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر نادر شاہ جاں بحق ہوئے۔ لیاری کے علاقے نیا آباد میں فائرنگ سے پولیس اہلکار عبدالرحیم جاں بحق ہوا۔

اس سے قبل نیو کراچی کے علاقے مسلم ٹاون میں فائرنگ کر کےسادہ لباس میں ملبوس دو پولیس اہلکاروں خرم کمال اور جنید افضل کو قتل کر دیا گیا، دونوں اسپیشل انویسٹی گیشن زون ویسٹ میں تعینات تھے۔

کورنگی نمبرساڑھے 5 میں موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان نے کلینک میں گھس کر فائرنگ کر دی جس سے ڈاکٹر نسیم اون جعفری جاں بحق ہو گئے۔ دوسری جانب کورنگی بلال کالونی، بلدیہ ٹاون کے رشید آباد اور لیاری غریب شاہ مزار کے قریب فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔