لیڈی ہیلتھ ورکرز کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

Lady Health Workers Protest

Lady Health Workers Protest

حیدرآباد (جیوڈیسک) لیڈی ہیلتھ ورکرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور مستقل نہ کئے جانے کے خلاف احتجاج کے دوران محکمے کے ڈپٹی کوآرڈی نیٹر کے کپڑے پھاڑ دئیے، لیڈی ہیلتھ ورکرز نے مطالبات کی منظوری تک پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور مستقل نہ کئے جانے کے خلاف لیڈی ہیلتھ ورکرز احتجاج کے لئے ڈیفنس میں واقع لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کے دفتر کے باہر جمع ہوئیں، اس دوران محکمے کے ڈپٹی کوآرڈی نیٹر غلام مصطفیٰ بھی پہنچ گئے جنہیں دیکھ کر لیڈی ہیلتھ ورکرز مشتعل ہوگئیں اور انہیں پکڑنے کی کوشش کی جس پر ڈپٹی کوآرڈی نیٹر کے کپڑے پھٹ گئے۔

اس دوران لیڈی ہیلتھ ورکرز نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی، اس موقع پر شہناز رانجھانی، راحیلہ شیخ ودیگر مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے مستقل نہ کئے جانے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کررہی ہیں لیکن محکمے کے افسران ان کے مطالبات پر کان دھرنے کے لئے تیار نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر انہیں مستقل نہ کیا گیا اور تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو وہ پولیو مہم کا مکمل بائیکاٹ کریں گی۔