گوجرانوالہ (جیوڈیسک) حکومت کی طرف سے تنخواہوں میں اضافہ کی منظوری کے باوجود تنخواہ نہ بڑھنے پر لیبر مزدور اتحاد اور پاور لومز ورکرز اور شنیل انڈسڑی کے مزدوروں نے شیرانوالہ باغ سے لے کر پرانے ریلوے سٹیشن جی ٹی روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔
لیبر مزدور اتحاد کے جنرل سیکرٹری محمد ریاض اور شنیل انڈسڑی کے جنرل سیکرٹری محمد حسین کا کہنا تھا کہ حکومت نے مزدور کی تنخواہ میں دس فیصد اضافہ کیا ہے لیکن فیکٹری مالکان نے زائد تنخواہ دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کارڈز، اولڈ ایج کارڈز اور دیگر بنیادی سہولتیں بھی نہیں دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جائیں گے وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔