نیویارک (جیوڈیسک) یو ایس اوپن میں ماریہ شیرا پووا سمیت ویمن ٹینس سٹارز نے دوسرا مرحلہ بھی عبور کر لیا۔ اعصام الحق مکسڈ ڈبلز کے پہلے امتحان میں کامیاب ہو گئے۔
نیویارک سٹی میں جاری ٹینس سیزن کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلیم میں روسی ٹینس سٹار ماریہ شیراپووا نے دوسرے راؤنڈ کا میچ بھی جیت لیا۔ عالمی نمبر پانچ ماریہ شیراپووا نے رومانین حریف کو دو ایک سے شکست دی۔
دفاعی چیمپئن سرینا کی بہن وینس ولیمز بھی تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ امریکی ٹینس سٹار نے سوئس مد مقابل کو چھ ایک اور چھ چار سے شکست دی۔ مینز سنگلز میں جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیچ نے آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ کو چاروں شانے چت کر دیا۔
مکسڈ ڈبلز میں اعصام الحق کی جوڑی نے فتح سمیٹی۔ روسی خاتون کھلاڑی کے ہمراہ کورٹ میں اترنے والے قومی ٹینس سٹار نے مینز ڈبلز کی غلطیوں کو بھول کر فتح سمیٹی۔
ادھر بھارتی ٹینس کوئین ثانیہ مرزا نے ویمن ڈبلز کا پہلا راؤنڈ بھی جیت لیا۔ ثانیہ مرزا اور کارا بلیک نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ ثانیہ مرزا کی جیت کا سکور چھ تین اور چھ صفر رہا۔