پشاور میں سعودی ایئر لائنز کی سروس بحال

Saudi Airlines

Saudi Airlines

پشاور (جیوڈیسک) سعودی ایئر لائنز نے پشاور ایئر پورٹ سے اپنا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا ہے۔ سعودی ایئر لائنز کی حج پرواز آج بروز جمعرات سوا دو بجے پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ سے جدہ کے لیے روانہ ہو گی۔

سول ایوی ایشن ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ پشاور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد سعودی ایئر لائنز کی پروازیں معطل کردی گئی تھیں۔ پشاور ایئرپورٹ پر سعودی ایئرلائنز کی پروازوں کی بحالی کے فیصلے کے بعد پہلی پرواز آج بارہ بج کر چالیس منٹ پر ریاض سے پشاور ایئرپورٹ پہنچے گی۔

جو پھر پشاور ایئر پورٹ سے سوا دو بجے 293 عازمین حج کو لے کر جدہ کے لیے روانہ ہو گی۔ سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحاد ایئر ویز کی پروازیں بھی یکم ستمبر سے ممکنہ طور پر بحال ہو جائیں گی۔ واضح رہے کہ 24 جون کو طیارے پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد سعودی ایئر لائنز اور اتحاد ایئر ویز نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے فلائٹ آپریشن معطل کر دیا تھا۔