اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک نے بھی اپنی ڈیڈ لائن بڑھادی ہے۔ طاہر القادری کہتے ہیں ممکن ہے اللہ مددکردے اور ان کے مطالبات آج پورے ہو جائیں اور شریف برادران مستعفی ہو جائیں۔
طاہر القادری نے آرمی چیف سے ملاقات کے بعد ایک اور ڈیڈ لائن دی تھی جو جمعہ کی رات ختم ہو گئی اور طاہر القادری کور کمیٹی سے مشاورت کرنے لگے۔ اس دوران تحریک انصاف کا وفد ان سے ملاقات کو پہنچا اور طاہر القادری سے ڈیڈلائن میں توسیع کی اپیل کردی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت کو تھوڑی سی مہلت اور دینا چاہتے ہیں ، طاہر القادری تھوڑا ساانتظار اور کرلیں۔ جس پر طاہر القادری نے آمادگی ظاہر کر دی۔
بعد میں تقریر کرتے ہوئے علامہ طاہر القادری نے کہاکہ درست ایف آئی آر، نوازشریف ، شہباز شریف کے استعفے کے بعد بات آگے بڑھے گی۔ان کے ابتدائی 3 مطالبات پورے نہیں ہوئے۔
طاہر القادری نے کہا کہ آرمی چیف کے چہرے پر دیا نتداری اور نیک نیتی پڑھ لی تھی،ممکن ہے الله مدد کر دے اور ان کے 3 مطالبات پورے ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہےکہ عوام کے سمندر کو دیکھتے ہوئے شریف برادران مستعفی ہو جائیں۔ طاہر القادری نے کہا کہ جہاں اتنی تکلیف اٹھالی اور منزل کے قریب پہنچے تو صبر کر لیا جائے۔