شمالی وزیرستان سے آئے 8 بچے سویٹ ہوم میں داخل

Sweet Home

Sweet Home

اسلام آباد (جیوڈیسک) بنوں کیمپ میں شمالی وزیرستان سے آئے ہوئے 8 یتیم اور لاوارث بچوں کو پاکستان بیت المال کے زیرانتظام چلنے والے پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد میں داخل کر ادیا گیا ہے۔ بنوں کیمپ کے دورے کے موقع پر ایم ڈی پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ جب ان بچوں سے ملے تو ان بچوں کو پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

ایم ڈی پاکستان بیت المال نے ان بچوں کو اسلام آباد میں اپنے دفتر بلا کر ان سے ملاقات کی اور پاکستان سویٹ ہوم میں ان کی رہائش کے تمام تر انتظامات مکمل کر دئیے۔

پاکستان سویٹ ہوم میں ان بچوں کو نہ صرف مفت رہائش ملے گی بلکہ کھانا، لباس اور تمام تر بنیادی ضروریات زندگی کے ساتھ ساتھ بہترین تعلیم کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے اس موقع پر کہاکہ آئندہ نسلوں کو محفوظ بناتے ہوئے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کر کے ہم ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں یہ بچے ملک کے بہترین شہری کے طور پر سامنے آئیں گے اور اپنی صلاحیتوں اور اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔