لاہور (جیوڈیسک) بینک آف پنجاب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 30 جون 2014 کو اختتام پذیر ہونے والی ششماہی کے غیر آڈٹ شدہ حسابات کی منظوری دی گئی۔
بینک نے جنوری تا جون 2014 کی مدت میں 2067 ملین روپے کا قبل از ٹیکس منافع کمایا جوگزشتہ سال کی پہلی ششماہی کے 1542 ملین روپے کے قبل از ٹیکس منافع سے 34 فیصد زیادہ ہے۔
بینک کا نیٹ انٹرسٹ مارجن 2776 ملین روپے کی سطح پر رہا جو گزشتہ سال کی اِسی مدت کے دوران 1104 ملین روپے کی سطح پر تھا، لہٰذا سال 2014 کی پہلی ششماہی کے دوران نیٹ انٹرسٹ مارجن میں 151 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جنوری تا جون 2014 کی مدت میں بینک کی فی حصص آمدنی 1.01 روپے رہی۔بینک کے کُل اثاثہ جات 30 جون 2014 کو 376 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گئے جوسال 2013 کے اختتام پر 353 ارب روپے کی سطح پر تھے۔ 30 جون 2014 کو بینک کے ڈپازٹ 333 ارب روپے جبکہ قرضہ جات اور سرمایہ کاری بالترتیب 163ارب روپے اور 142ارب روپے کی سطح پر رہی۔