لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ فوج کو اندرونی سیاست میں ملوث کرنے کی مخالفت کی، فوج کا ملوث ہونا سیاستدانوں کی ناکامی کے مترادف ہے۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ اس سے تمام سیاستدانوں کے بالعموم اور احتجاج کرنیوالی جماعتوں کے بالخصوص سر شرم سے جھک جانے چاہئیں جنہوں نے اس سیاسی بحران کو پیدا کیا جس سے قوم کا مورال بری طرح متاثر ہوا ہے۔
پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد ایوب نے کہا کہ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ الیکشن کے وقت دھاندلی کا سب سے زیادہ ایشو پیپلز پارٹی کی قیادت نے اٹھایا تھا اگر حکومت لاہور کے چار حلقوں کو کھول دیتی تو اس سے کوئی قیامت نہیں آ جانی تھی۔ لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی، جمہوریت اور قانون کی عملداری پر مکمل یقین رکھتی ہے ،پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات عابد صدیقی نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کو مس ہینڈل نہ کیا ہوتا تو ملک سنگین مشکلات سے دوچار نہ ہوتا۔