500 روپے میں جعلی انسداد پولیو سرٹیفکیٹس کے اجرا کا انکشاف

Certificates

Certificates

کراچی (جیوڈیسک) حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی جانب سے انسداد پولیو کے قطرے پلائے بغیر پانچ سو روپے رشوت کے عوض جعلی سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے کراچی بھر کے ٹاؤنز ہیلتھ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس طرح کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے باز رہیں اور معلومات حاصل کریں کہ کونسا طبی عملہ اس طرح کے سرٹیفکیٹ جاری کرکے صوبے اور ملک کو بد نام کررہاہے۔

ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارر وائی کی ہدایت بھی کردی گئی ہے ۔پاکستا ن میڈیکل ایسوسی ایشن نے ان اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں چلنے والے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام (ایکسپینڈڈ پروگرام آن ایمونائزیشن،ای پی آئی)کے ذریعے بیرون ملک سفر کرنے سے قبل حاصل کیا جانے والا ’’انٹرنیشنل سرٹیفکیٹ فار پولیو ویکسی نیشن ‘‘مختلف ٹاؤنز ہیلتھ آفیسر،ای پی آئی سینٹرز کا طبی عملہ، سرکاری اسپتالوں میں قائم ای پی آئی سینٹر اور مختلف ٹاؤنز سے تعلق رکھنے والے ویکسی نیٹروں کے ذریعے بغیر ویکسین لگائے محض پانچ سو روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے مسافروں کیلئے ویکسین پینے کے بعد یہ سرٹیفکیٹ مفت فراہم کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔