اسلام آباد (جیوڈیسک) مظاہرین کیبنٹ بلاک کے قریب موجود ہیں اور وقفے وقفے سے آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ، مشتعل مظاہرین کا پولیس پر پتھراؤ ، جواب میں پولیس کی جانب سے شیلنگ کی جارہی ہے۔
مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس کا جنگلہ توڑ دیا ہے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں گھس کر بیٹھ گئے تاہم رینجرز اور فوج نے مظاہرین کو اندر داخل ہونے سے روک دیا۔
مظاہرین کیبنٹ بلاک کے اندر بھی پہنچ گئے ہیں۔ ادھر اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے شرکا پر آنسوگیس کی شیلنگ اور جھڑپوں میں پولیس اہلکاروں سمیت 270 افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ، پولیس کے ترجمان کے مطابق ابھی تک کوئی بھی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جھڑپوں میں 40 سے زائد پولیس اور 4 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ تھانوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کی جانب بڑھنے والے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔